کھیل

بابراعظم کو ’وکٹ کیپنگ‘ کرنے کا نہیں کہا، مائیک ہیسن

اگر بابر اعظم ٹیم میں جگہ بنائیں گے تو صائم ایوب یا فخر زمان کے ساتھ اوپر کے نمبروں پرکھیلیں گے، کسی بھی بلے باز کو 150 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلنے کا نہیں کہا، ہیڈ کوچ قومی وائٹ بال ٹیم

قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم کو اسکواڈ میں برقرار رہنے کے لیے ’وکٹ کیپنگ کرنے کے آپشن‘ کے حوالے گردش خبروں کی تردید کر دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ سابق کپتان بابر اعظم ’ وکٹ کیپنگ’ کے آپشن میں شامل نہیں ہیں، اس حوالے سے کافی خبریں گردش کر رہی ہیں، اگر وہ ٹیم میں جگہ بنائیں گے تو صائم ایوب یا فخر زمان کے ساتھ اوپر کے نمبروں پرکھیلیں گے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ کسی بھی بلے باز کو 150 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلنے کا نہیں کہا، ہم ٹی 20 کرکٹ میں اپنی بلے بازی کی وجہ سے باقی ممالک سے پیچھے ہیں، مارڈرن ڈے کرکٹ میں تیزی کے ساتھ رنز اسکور کرنا ہوتے ہیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بتایا کہ دورہِ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے سلسلے میں کراچی میں تربیتی کیمپ لگایا گیا ہے،کچھ چیزوں میں بہتری کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان اور صائم ایوب ہمارے پاس بطور اوپنرز اسکواڈ کا حصہ ہیں، فاسٹ باؤلر حسن علی بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، وہ دورہِ ویسٹ انڈیز میں ہمارے ساتھ ہوں گے، ان کی غیر موجودگی میں ہم نے سلمان مرزا کو موقع فراہم کیا ہے، ایسے کھلاڑی کو زیادہ چانس دیا جائے گا جو انٹرنیشنل پلان پر پورا اترے۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی دورہِ بنگلہ دیش میں عدم شمولیت کے حوالے سے ہیڈ کوچ نے کہ شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کلاس باؤلر ہیں، وہ کچھ خامیوں کو دور کر کے جلد اسکواڈ میں واپس آجائیں گے۔

مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ فاسٹ باؤلر حارث روف ہیمسٹرنگ انجری کے باعث قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔

قومی اسکواڈ کی سلیکشن کے حوالے سے سوال پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نےکہا کہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں، ممکنہ 20 کھلاڑیوں کا انتخاب سلیکشن کمیٹی ہی کرتی ہے، کپتان اور کوچ 20 میں سے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے چیئرمین کو دیتے ہیں۔