آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسی ایسوسی ایشن کا جناح ہسپتال کو بلیک لسٹ کرنے کا عندیہ
آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسی ایسوسی ایشن ( ایپسا ) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی ( جے پی ایم سی ) کو بلیک لسٹ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسی ایسوسی ایشن ( ایپسا ) نے محکمہ صحت سندھ کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جناح ہسپتال میں ایپسا کی رکن نجی سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے سیکیورٹی لگائی گئی۔
مراسلےمیں کہا گیا ہے کہ نجی سیکیورٹی کمپنی کو 23-2022 کے واجبات اب تک ادا نہیں کیےگئے، جناح ہسپتال پرنجی سیکیورٹی کمپنی کے 29 لاکھ 75 ہزارسے زائد واجبات ہیں۔
ایپسا کے مطابق واجبات کی ادائیگی کے لیے بارہا ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا، انتظامیہ نے واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ فنڈز کی کمی بتائی ہے۔
ایپسا کے مطابق ایک جانب تو مذکورہ نجی سیکیورٹی کمپنی کے واجبات ادا نہیں کیے گئے جبکہ دوسری جانب حال ہی میں جے پی ایم سی نے نجی سیکیورٹی کے حصول کے لیے ٹینڈر طلب کیے ہیں۔
ایپسا نے متنبہ کیا ہے کہ اگر واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی تو جناح ہسپتال کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔