پاکستان

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کا کوالالمپور میں پاکستان آم فیسٹیول کا افتتاح

کوالالمپور میں پاکستانی آموں کی خوشبو، رنگ و ذائقے کا جادو چل گیا، پاکستانی آموں کے ذائقے اور معیار کی دنیا بھر میں پذیرائی ملی، ترجمان دفتر خارجہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں پاکستان آم فیسٹیول کا افتتاح کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار 32 ویں آسیان علاقائی فورم میں شرکت کے لیے اس وقت کوالالمپور میں موجود ہیں۔

نائب وزیراعظم نے لائو پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک (لائوس) کے وزیر خارجہ تھنگ سوانا پومیوینے، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہائی کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام آم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، آم فیسٹیول کا مقصد زرعی تجارت اور ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کوالالمپور میں پاکستانی آموں کی خوشبو، رنگ و ذائقے کا جادو چل گیا، پاکستانی آموں کے ذائقے اور معیار کی دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ آم ہماری ثقافت اور معیشت کا اہم حصہ ہیں، پاکستانی آموں کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی کامیاب کوشش کی گئی۔