کاروبار

مالی سال 25-2024 میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ

لائٹ کمرشل وہیکل، وینز، پک اپس اور ایس یو ویز کی فروخت 61 فیصد اضافے کے ساتھ 35 ہزار 820 یونٹس تک جاپہنچی، ٹریکٹرز کی فروخت میں 36.4 فیصد کمی۔

پاکستان کی آٹو انڈسٹری نے مالی سال 25-2024 میں بھرپور بحالی کا مظاہرہ کیا، جہاں گاڑیوں کی فروخت میں دوگنا اور تین گنا اضافہ دیکھنے میں آیا، اس سے معاشی استحکام اور صارفین کے اعتماد کی بحالی کا عندیہ ملتا ہے، صرف ٹریکٹر کا شعبہ اس رجحان سے پیچھے رہا، جہاں زرعی معیشت کی کمزوری کے باعث فروخت میں 36.4 فیصد کمی آئی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالی سال 25-2024 میں کاروں کی فروخت 38 فیصد اضافے کے ساتھ 81 ہزار 579 یونٹس سے بڑھ کر ایک لاکھ 12 ہزار 203 یونٹس تک جا پہنچی۔

لائٹ کمرشل وہیکل، وینز، پک اپس اور اسپورٹ یوٹیلٹی وہیکلز (ایس یو ویز) کی فروخت 61 فیصد اضافے کے ساتھ 35 ہزار 820 یونٹس تک جاپہنچی جبکہ ٹرکوں کی فروخت 103 فیصد کے زبردست اضافے کے ساتھ 4 ہزار 444 یونٹس ہو گئی، بسوں کی فروخت میں بھی 74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 788 یونٹس تک جا پہنچی جبکہ موٹر سائیکل اور رکشے کی فروخت بھی 32 فیصد بڑھ کر 15 لاکھ 18 ہزار یونٹس تک پہنچی۔

اس کے برعکس ٹریکٹرز کی فروخت 45 ہزار 911 یونٹس سے کم ہو کر 29 ہزار 192 یونٹ رہ گئی، جس سے کسانوں کی آمدنی میں کمی اور دیہی طلب میں سست روی کا پتا چلتا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی تجزیہ کار میشا سہیل کے مطابق صرف جون 2025 میں کار، جیپ، پک اپ اور لائٹ کمرشل وہیکلز کی فروخت 21 ہزار 773 یونٹس رہی، جو کہ گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 64 فیصد اور گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ ہیں۔

اس ماہانہ اضافے کی بڑی وجہ جولائی میں جنرل سیلز ٹیکس میں اضافے سے قبل کی خریداریاں تھیں، سوزوکی آلٹو کی فروخت 39 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں بہتری، افراط زر میں کمی، شرح سود میں نرمی اور مجموعی معاشی استحکام کے باعث صارفین کا اعتماد بحال ہوا، جس سے فروخت میں تیزی آئی، اس کے ساتھ ساتھ نئی کار ماڈلز کی دستیابی نے بھی طلب میں اضافہ کیا۔

مینوفیکچرنگ کمپنیوں میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے مالی سال 2025 میں 72 ہزار 685 یونٹس فروخت کیے جو کہ 34 فیصد اضافے کو ظاہر کرتے ہیں، انڈس موٹر کمپنی نے 61 فیصد اضافے کے ساتھ 33 ہزار 393 یونٹس فروخت کیے جبکہ ہنڈا اٹلس کی فروخت 38 فیصد اضافے کے ساتھ 18 ہزار 296 یونٹس تک جاپہنچی۔

ہیونڈائی نشاط کی فروخت 20 فیصد بڑھ کر 10 ہزار 954 یونٹس ہو گئی جبکہ سازگار انجینئرنگ نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی فروخت کو 102 فیصد بڑھا کر 10 ہزار 844 یونٹس تک پہنچا دیا، جس کی وجہ اس کے نئے ماڈل ہاول کی زبردست مانگ تھی۔

میشا سہیل کا کہنا ہے کہ کم شرح سود، معاشی بہتری اور ہائبرڈ و پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی متوقع آمد کے باعث یہ مثبت رجحان مالی سال 26-2025 میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔