کھیل

’ناقابلِ شکست پاکستان‘ ہاکی ایشیا کپ انڈر 18 کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مقابلہ مقررہ وقت تک 3-3 گول سے برابر رہا، پاکستان نے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر کامیابی حاصل کی۔

ہاکی ایشیا کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان نے ملائیشیا کو پنلٹی شوٹ آوٹ پر شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق چین کے شہر داژو میں جاری ہاکی ایشیا کپ انڈر18 میں پاکستان کی مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ مقررہ وقت تک 3-3 گول سے برابر رہا، پنلٹی شوٹ آؤٹ پر قومی ٹیم نے حریف ٹیم کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

پاکستان انڈر18 ٹیم ایشیا ہاکی کپ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔ پاکستان نے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو 0-8 سے شکست سے دو چار کیا۔

سری لنکا کیخلاف پاکستان نے 0-9 سے یک طرفہ طور پر مقابلہ اپنے نام کیا، بنگلہ دیش کیخلاف پاکستان کو 3-6 سے کامیابی حاصل ہوئی جبکہ میزبان چین کو پاکستان نے 1-2 سے شکست دی۔

ایونٹ کا فائنل مقابلہ 13 جولائی کو داژو نیشنل ہاکی ٹریننگ سینٹر میں کھیلا جائے گا۔