کھیل

دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

آل راؤنڈر عرفان خان نیازی کی قیادت میں قومی اسکواڈ آسٹریلیا کی ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں شرکت کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بور ڈ نے آسٹریلیا میں ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کی قیادت آل راؤنڈر عرفان خان نیاز کریں گے، شاہینز کے اسکواڈ میں ٹاپ آرڈر بلے باز عبدالصمد، احمد دانیال اور فیصل اکرم اور حیدر علی کو شامل کیا گیا۔

نوجوان بیٹنگ آل راؤنڈر معاذ صداقت، اسپنر مہران ممتاز، ٹاپ آرڈر بلے باز خواجہ نافع اور محمد غازی غوری کو بطور وکٹ کیپر پاکستان شاہینز کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مبصر خان، سعد مسعود، محمد سلمان مرزا، شاہد عزیز، عبید شاہ اور یاسر خان بھی قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں پاکستان شاہینز کے علاوہ نیپال اور بنگلہ دیش اے کی ٹیمیں بھی ان ایکشن ہوں گی، گرین شرٹس 14 اگست کو بنگلہ دیش اے کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔

خیال رہے کہ 11 جون کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لیے بھی پاکستان شاہینز کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس کی قیادت مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کریں گے۔

پاکستان شاہینز 17 جولائی سے 6 اگست تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دو 3 روزہ اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔