پاکستان

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کو فون، سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

اسحٰق ڈار نے بین الاقوامی امن و سلامتی اور تنازعات کے پُرامن حل کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، جولائی کے مہینے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت پاکستان کے پاس ہے

وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے آئندہ ہفتے نیویارک میں سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق سرگرمیوں کے دوران ملاقات اور تعاون پر اتفاق کیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوریس کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار کو ٹیلی فونی کال موصول ہوئی، کیونکہ جولائی کے مہینے میں پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کر رہا ہے۔

دوران گفتگو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے بین الاقوامی امن و سلامتی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اپنی صدارت کے دوران پاکستان کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اہم ایونٹس پر بھی روشنی ڈالی، جو ان مقاصد کے فروغ کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ ہفتے نیویارک میں سلامتی کونسل کی صدارت سے متعلق سرگرمیوں کے دوران ملاقات اور تعاون پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اقوام متحدہ اور اس کے عملے کی ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی کے لیے پاکستان کی مسلسل معاونت کا بھی اعادہ کیا۔