پاکستان

علی امین گنڈا پور کی نااہل اور نالائق حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے، ترجمان جے یو آئی

خیبرپختونخوا میں جب بھی کرپشن کی اور بدامنی کی بات کی جاتی ہے تو وزیراعلیٰ کو تکلیف ہوتی ہے، گنڈا پور کی بداخلاقی بتا رہی ہے اس کی حکومت کے دن پورے ہو گئے ہیں، اسلم غوری

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی نااہل اور نالائق حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں ترجمان اسلم غوری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جب بھی کرپشن کی اور بدامنی کی بات کی جاتی ہے تو وزیراعلیٰ کو تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی نااہل اور نالائق حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے، گنڈا پور کی بداخلاقی بتا رہی ہے کہ اس کی حکومت کے دن پورے ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی امین گنڈا پورا کے منہ کو لگام دے۔

اسلم غوری نے کہا کہ علی امین گنڈا پور بتائے اٹک پر رکاوٹیں ڈالنے والے لاہور میں کیوں استقبال کر رہے ہیں، پی ٹی آئی اپنے میر جعفر اور میر صادق کو کنٹرول کرے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کے دوران جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر تنقید کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے پی میں تبدیلی لانے کے بجائے اپنے اندر تبدیلی لے آئیں، ان کے پاس مینڈیٹ جعلی ہے اور وہ فارم 47 کے بینفشری ہیں۔