پاکستان

پنجاب اسمبلی کے معطل اپوزیشن ارکان کو جرمانہ جمع کروانے کی ہدایت

اسپیکر نے دوران اجلاس سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر 10 ارکان کو 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے فی کس ادا کرنے کا حکم دیا تھا

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کے معطل ارکان کو جرمانہ جمع کروانے کی ہدایت کردی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ پر10 ارکان پر جرمانہ عائد کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کے معطل ارکان کو ہونے والے جرمانہ جمع کروانے کی ہدایت کردی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب کی جانب سے معطل اراکین کو ہونے والے جرمانہ کی یاد دہانی کروائی گئی۔

خیال رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ پر 10 ارکان پر جرمانہ عائد کیا تھا، اسمبلی کے اجلاس میں ڈیسکوں پر چڑھ کر مائیک توڑنے والے 10 ارکان پر 20 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد ہوا تھا۔

اسپیکر نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر 10 ارکان کو 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے فی کس ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسمبلی سیکریٹریٹ نے کہا ہے کہ جرمانوں کی ادائیگی نہ کرنے پر اراکین کے خلاف پنجاب گورنمنٹ ڈیو ریکوری آرڈیننس 1962 کے تحت کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ واقعہ 16 جون 2025 کے اجلاس میں پیش آیا تھا ، ویڈیو شواہد کی بنیاد پر جرمانے کا فیصلہ کیا تھا، اور اسمبلی قواعد 223 (ر) اور 235 کے تحت کارروائی، نظم و ضبط کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول قرار دی گئی تھی۔

جرمانے کی زد میں آنے والے ارکان اسمبلی چوہدری جاوید کوثر، اسد عباس،محمد تنویر اسلم، سید رفعت محمود، محمد اسماعیل، شہباز احمد شامل تھے۔

ان کے علاقہ امتیاز محمود، خالد زبیر نصار، رانا اورنگ زیب، محمد احسن علی بھی فہرست میں شامل تھے۔