پاکستان

لاہور: شاہدرہ میں شہری موٹر سائیکل سمیت مین ہول میں گر گیا

قریب موجود رہائشیوں نے مین ہول میں گرے شخص کو فورا باہر نکال لیا تاہم شہری کے گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

لاہور میں شدید بارش کے بعد شاہراؤں کے ساتھ ساتھ گلی محلے بھی زیر آب آگئے ہیں، شاہدرہ کے علاقے میں بارش کے جمع پانی میں سے گزرنے والا شہری موٹر سائیکل سمیت مین ہول میں گر گیا ہے۔

قریب موجود رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گرنے والے شخص کو مین ہول سے باہر نکالا، واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر موجود ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار شہری جیسے ہی تنگ گلی سے مرکزی گلی میں داخل ہوتا ہے تو اچانک بارش کے جمع پانی کے اندر موجود کھلے مین ہول میں موٹر سائیکل سمیت گر جاتا ہے۔

مین ہول میں گرنے والا شخص کوشش کے باوجود بھی باہر نکلنے میں ناکام رہتا ہے، تاہم خوش قسمتی سے قریب موجود رہائشی مین ہول میں گرے شہری کو فورا باہر نکالنے کے لیے آگے بڑھتے ہیں اور اسے زخمی حالت میں باہر نکال لیتے ہیں۔

ایکس صارفین کی جانب سے بھی وائرل ویڈیو پر صارفین کے ملے جلے تاثرات سامنے آرہے ہیں، ایک صارف غلام حیدر نے لکھا کہ ’لاہور میں حکومت اگر برسات سے پہلے ذاتی اشتہارات پر اربوں روپے کے بجائے شہریوں کی حفاظت کا بندوبست کرتی تو کتنا اچھا ہوتا‘۔

اسحٰق کیانی نامی صارف نے فورا مدد کو پہنچنے والے مقامی افراد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’سلام اور خراجِ تحسین اُن تمام لوگوں کو جنہوں نے اس شخص کو بچانے کے لیے ہمت اور جذبہ دکھایا۔ شاباش ہو بھائیو‘!

خیال رہے کہ آج لاہور میں ہونے والی شدید بارش کے دوران 4 مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 6 افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا۔