پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کی لہر برقرار، ایک 38 ہزار پوائنٹس کی نئی حد بھی عبور
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے جمعرات کو تیزی کی نئی لہر جاری رکھتے ہوئے دورانِ کاروبار ایک لاکھ 38 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرلی۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2 ہزار 285 پوائنٹس یعنی 1.68فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 38 ہزار 665 پوائنٹس تک پہنچ گیا جو گزشتہ اختتامی سطح ایک لاکھ 36 ہزار 379 پوائنٹس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
گزشتہ روز مارکیٹ میں معمولی بحالی دیکھنے میں آئی تھی جب سرمایہ کاروں نے دوبارہ خریداری شروع کی، اس کی وجہ حکومت کی جانب سے نئے ٹیکس اقدامات پر کاروباری برادری کے تحفظات دور کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا قیام تھا۔
اس پیش رفت نے 19 جولائی کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ہڑتال کی کال کے باوجود انڈیکس کو مثبت رفتار دینے میں مدد دی، ہڑتال کا اعلان بجٹ میں تاجروں کی گرفتاری اور مقدمات کے اختیارات کے خلاف کیا گیا تھا۔
سرمایہ کاروں کا اعتماد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے موڈیز کو پاکستان کی بہتر معاشی صورتحال اور مالی استحکام سے متعلق دی گئی حالیہ بریفنگ سے بھی مضبوط ہوا، اس سے امید پیدا ہوئی ہے کہ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اپنی آئندہ جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر کر سکتی ہے۔