کراچی: سی ٹی ڈی اور خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں فتنہ الخوارج کے دو دہشتگرد ہلاک
کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ایک خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے، ان کے قبضے سےخودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جمعرات کو حب ریور روڈ پر مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ موچکو تھانے کی حدود میں ’فتنہ الخوارج‘ (ٹی ٹی پی کے لیے استعمال کی جانے والی اصطلاح) سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی پر آسکانی محلے میں کارروائی کی گئی۔
ترجمان کے مطابق مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ دہشت گرد مارے گئے، ان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا، جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا، جہاں فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔