پاکستان

کوئٹہ: مقناطیسی بم کے دھماکے میں سینئر سیکیورٹی افسر شہید

شہید افسر کو جبلِ نور قبرستان میں والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کے بعد واپسی پر نشانہ بنایا گیا، موٹرسائیکل سوار نے گاڑی پر مقناطیسی دھماکا خیز مواد نصب کیا، چند سیکنڈ بعد دھماکا ہوگیا، پولیس حکام

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کے ایک سینئر افسر ہفتے کو مغربی بائی پاس کے علاقے میں بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ افسر کی گاڑی پر کوئٹہ کے نواحی علاقے جبلِ نور میں مقناطیسی دھماکا خیز آلہ نصب کیا گیا تھا، جو دھماکے سے پھٹ گیا۔

شہید افسر کے نام اور عہدے کو فی الحال شائع نہیں کیا گیا کیونکہ سرکاری طور پر ان کی شہادت کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تاہم، حکام نے بتایا کہ قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹرسائیکل سوار کو دھماکے سے چند لمحے قبل افسر کی گاڑی کے قریب سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا، جس نے مبینہ طور پر ڈرائیور سائیڈ کے دروازے پر دھماکا خیز آلہ نصب کیا، چند سیکنڈ بعد دھماکا ہو گیا۔

دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور افسر کی میت کو کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کر دیا۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ایک ریموٹ کنٹرول دھماکا تھا، دھماکے کی شدت سے قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کے مطابق شہید افسر جبلِ نور قبرستان میں اپنے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تھے اور واپسی پر نشانہ بنے،دھماکے میں کسی اور جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکار واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

شہید افسر کا تعلق پشین کے مسلم باغ علاقے سے تھا اور وہ گزشتہ 10 سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے، ان کے پسماندگان میں بیوہ اور 3 بیٹے شامل ہیں۔