پاکستان

بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والا جوڑا سرعام قتل، واقعے کی دردناک ویڈیو وائرل

20 سے زائد مسلح افراد نے جوڑے کو پہاڑوں میں لے جاکر بے دردی سے قتل کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ایک ملزم گرفتار ، خواجہ آصف، بلاول بھٹو کی شدید مذمت

بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو سرعام گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، واقعےکی افسوسناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق 20 سے زائد مسلح افراد نے جوڑے کو پہاڑوں میں لے جاکر بے دردی سے قتل کیا تھا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے ویڈیو کا نوٹس لے کر واقعے کی تحقیقات اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوع اور ملزمان کا تعین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسی سفاکانہ حرکات ناقابل برداشت ہیں، مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے ’ ایکس ’ پر پوسٹ میں کہا ہے کہ کل سوشل میڈیا پر خاتون اور مرد کے قتل کی وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بلوچستان پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں مقتولین کی شناخت ہو چکی ہے، واقعہ عید سے چند دن قبل کا ہے، ریاست کی مدعیت میں دہشت گردی کا مقدمہ درج اور ایک مشتبہ قاتل گرفتار ہو چکا ہے، قانون اس گھناؤنے معاملے پر اپنا راستہ لے گا!

وزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس بہیمانہ واقعے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جن لوگوں نے ریاست کیخلاف بندوق ا ٹھائ ھوئی ہے، وہ پہلے اس نظام کے خلاف آواز اٹھائیں جو آپ کے آس پاس رائج ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ قران پاک ہاتھ میں تھامے خاتون کی بے بسی بتا رہی ہے کہ اس کو مارنے والے یہ سارے مرد کتنے غیرت مند ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں ویڈیو کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو ’ درندہ صفت’ قرار دیا اور کہا کہ ایسے لوگوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’ مجھے یقین ہے کہ اس قتل میں ملوث مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، یہ قتل بلوچستان حکومت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہونا چاہیے کیونکہ یہ جنس کی بنیاد پر دہشت گردی ہے۔’

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ اسلام عورتوں کو اپنی مرضی سے نکاح کرنے کی اجازت دیتا ہے اور آئین اس حق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا کہبلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو سر عام قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں،مظلوم نوجوان جوڑے کا سفاک قتل ناقابلِ معافی جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو معصوم جانوں کا قتل پوری انسانیت کے ضمیر کا امتحان ہے،ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،فرسودہ رسم و رواج کے خاتمے کے لیے قانون سازی ناگزیر ہے،پاکستان میں صنفی مساوات کے لیے فیصلہ کن اقدامات ضروری ہیں۔

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنےو الے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں اس بہیمانہ واقے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پتھر دل انسانوں، سرخ لباس میں ملبوس اس معصوم بے گناہ گلاب کو مسلتے ہوئے ذرا ترس نہیں آیا، کیا پسند کی شادی جرم ہے، کیا مرضی کا نکاح جرم ہے؟؟؟

معروف صحافی حامد میر نے اس اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ ایک نام نہاد جرگے نے عدالت بن کر دو انسانوں کو قتل کر دیا، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس لاقانونیت میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے سزا دے؟

معروف صحافی عاصمہ شیرازی نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ یہ لڑکی بندوق تانے بُزدل سے کہیں زیادہ بہادر اور غیرت مند ہے۔

اس واقعے پر عام شہریوں کی جانب سے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے،ایک اور صارف دختر بلوچستان نے کہا کہ اپنی ہی گھر کی عزت کو اتنے مردوں میں قتل کر دینا کیا اسکو تم عزت و غیرت کہتے ہو ؟؟