پاکستان

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر نے سازش کے تحت اراکین کو حلف برداری سے روکا، طلال چوہدری

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں ڈرامہ رچایا، یہ سب پہلے سے طے شدہ تھا، وزیرمملکت برائے داخلہ

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں ڈرامہ رچایا، یہ سب پہلے سے طے شدہ تھا۔

ڈابن نیوز کے مطابق میڈیا بریفنگ میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر نے سازش کے تحت اراکین کو حلف برداری سے روکا، خیبر پختونخوا حکومت اور اسپیکر نے عدالتی حکم کو ہوا میں اڑا دیا۔

انہوں نے کہا کہ منتخب اراکین سے حلف نہ لینا توہینِ عدالت ہے، اسپیکر نے آج عدالتی حکم کو ہوا میں اڑایا اور جان بوجھ کر منصوبہ بندی کے تحت ایسا کیا۔

وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ جو لوگ منتخب ہوئے ہیں یا جن کا سپریم کورٹ سے فیصلہ آیا ہے اور اس کے بعد آج ان کا حلف ہونا تھا، ان کا حلف جان بوجھ کر نہیں لیا گیا اور یہ حلف نہ لینا توہینِ عدالت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر فیصلہ دے چکی ہے اور اس فیصلے کے بعد ان کا حلف لینا ایک آئینی ذمہ داری ہے، مگر آج جس بات کا انہوں نے کورم کا بہانہ بنایا، میں میڈیا کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ان کی یہ منصوبہ بندی اور سازش پہلے ہی بے نقاب کر دی۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی نے اتوار کو حلف اٹھالیا تھا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے اراکین سے حلف لیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر 25 منتخب ارکان اسمبلی نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں حلف اٹھایا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین اور اقلیت مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لیا تھا۔

مخصوص نشستوں میں 21 خواتین اور چار اقلیتیں نشستیں شامل ہیں،جمیعت علمائے اسلام اور مسلم لیگ( ن ) کے سات ، سات اراکین نے حلف لیا، پیپلز پارٹی کے چار، اے این پی کے دو اور پی ٹی آئی (پی) کے ایک رکن نے حلف اٹھا لیا۔

مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے بعد اب خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات کا عمل پیر کو صبح 11 بجے جرگہ ہال میں شروع ہوگا۔