ساہیوال: نوجوان پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں ساس بہو گرفتار
ساہیوال میں ساس بہو نے محلے کے رہائشی نوجوان پر تیزاب پھینک دیا، پولیس نے دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے دونوں خواتین کو گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پیر کو فتح شیر پولیس نے مسلم بن عقیل کالونی میں ایک شخص پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں ایک خاتون اور اس کی بہو کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے شہزاد کی بیوی عائشہ اور اس کی ساس شاہین عرف گُڈو کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 336 اور 34 کے علاوہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر متاثرہ شخص شاہ رخ کے بڑے بھائی راشد علی کی مدعیت میں درج کی گئی۔
شکایت کے مطابق شاہ رخ، جو گلی نمبر 2 کا رہائشی ہے، اپنے کمرے میں سو رہا تھا، جس کی کھڑکی گلی کی طرف کھلتی ہے، اس دوران عائشہ، شاہین اور ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر کھلی کھڑکی کے ذریعے اس کے چہرے اور جسم پر تیزاب پھینک دیا، اسے فوری طور پر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شاہین کو شبہ تھا کہ اس کی بہو عائشہ کے شاہ رخ کے ساتھ مبینہ تعلقات ہیں، مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ عائشہ اس سے قبل شاہ رخ کے کئی رشتے خراب کر چکی تھی، فتح شیر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔