سانحہ لیاری کے بعد گرفتار ایس بی سی اے کے 8 افسران کی ضمانت منظور
کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے مقدمے میں گرفتار سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 8افسران کی عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جنوبی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ایس بی سی اے کے 8 افسران کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزمان کو فی کس 10،10 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ مقدمے میں کمزور دفعات لگائی گئی ہیں، عدالت نے حکومت کو متاثرین کو متبادل رہائش فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں ماہ لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے سے 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ کو فارغ کردیا تھا جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ عمارت کے مالک اور ایس بی سی اے کے 12 افسران کے خلاف درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
سانحہ لیاری کے بعد لیاری سمیت شہر بھر میں انتہائی مخدوش قرار دی گئی 51 عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ مخدوش عمارتیں گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سندھ حکومت نے گرائی جانے والی متاثرہ عمارتوں کے مالکان اور کرایہ داروں کو 3 ماہ کا کرایہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ْ