پاکستان

کوئٹہ ایئرپورٹ کے رن وے منصوبے نے ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک ایوارڈ جیت لیا

یہ نمایاں اعزاز پاکستان کے سب سے طویل اور ساخت کے اعتبار سے سب سے بڑے ٹھوس رن وے کی کامیاب تکمیل کو تسلیم کرتا ہے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ازسر نو تعمیر کیے گئے رن وے کے منصوبے کو ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک ایوارڈ برائے انجینئرنگ ایکسیلنس سے نوازا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک ایوارڈز خطے میں کنسلٹنگ انجینئرنگ کے شعبے میں بہترین کارکردگی کو سراہنے کے لیے دیے جاتے ہیں، ان کا مقصد نمایاں منصوبوں، ابھرتے ہوئے رہنماؤں اور انڈسٹری کی مجموعی طاقت کو اجاگر کرنا ہے۔

یہ ایوارڈز ایشیا پیسیفک انفرااسٹرکچر کانفرنس کے دوران پاور ہاؤس ایوارڈز، آؤٹ اسٹینڈنگ پروجیکٹ ایوارڈز، اور ایمرجنگ لیڈرز ایوارڈز کے تین زمروں میں دیا جاتا ہے۔

کوئٹہ ایئرپورٹ رن وے کی تعمیرِ نو کا ایوارڈ ایف آئی ڈی آئی سی ایشیا پیسیفک کانفرنس 2025 میں دیا گیا، جو 15 سے 17 جولائی تک اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

پریس ریلیز کے مطابق یہ نمایاں اعزاز پاکستان کے سب سے طویل اور ساخت کے اعتبار سے سب سے بڑے ٹھوس رن وے کی کامیاب تکمیل کو تسلیم کرتا ہے، جو ایک فعال مشترکہ فضائی اڈے پر مختلف مراحل میں مکمل کیا گیا۔

پریس ریلیز کے مطابق ’قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ منصوبہ بغیر کسی کلیم، بغیر کسی حفاظتی حادثے اور بغیر کسی آپریشنل بندش کے مکمل کیا گیا، جو ہوا بازی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک نیا معیار قائم کرتا ہے‘۔

یہ ایوارڈ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور منصوبے کے مشیروں کو مشترکہ طور پر دیا گیا، ان کی مؤثر باہمی تعاون، تکنیکی مہارت، اور منصوبے کے تمام مراحل میں حفاظت اور کارکردگی سے وابستگی کے اعتراف میں۔

تقریباً5 ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیے گئے کوئٹہ ایئرپورٹ کے رن وے پر 31 مئی 2023 کو اسلام آباد سے آنے والی پہلی پرواز PK-3250 نے لینڈ کیا تھا۔

ایف آئی ڈی آئی سی سے منظور شدہ بین الاقوامی ثالث اور تعمیراتی معاہدوں پر عالمی مشیر پالو مینو ایلویرا نے منصوبے کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو دعوت دی ہے کہ وہ اس منصوبے کو بطور کیس اسٹڈی جنوبی افریقہ اور فرانس میں ہونے والی آئندہ ایف آئی ڈی آئی سی کانفرنسز میں پیش کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اعزاز پاکستان کے ہوابازی اور انجینئرنگ کے شعبوں کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے اور عالمی سطح پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی کارکردگی کو اجاگر کرتا ہے۔