پاکستان

بلدیہ ٹاؤن میں ایک خاتون کے پانچ بچوں کی بیک وقت پیدائش

اللہ نے تین بیٹیاں اور 2 بیٹے عطا کیے ہیں، اہلیہ کی حالت بھی بہتر ہے، والد عدنان شیخ

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی عدنان شیخ کی زوجہ کے بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، نوزائیدہ بچوں کی پیدائش کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں ایمرجنسی سی سیکشن کے ذریعے ہوئی۔

ہیلتھ ویب سائٹ ’وائٹلز نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کے مطابق بچوں کی پیدائش قبل از وقت ہوئی، جس کی وجہ سے ان کا وزن بہت کم ہے اور پیدائش کے فوراً بعد انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق فوری طور پر انہیں آکسیجن سپورٹ فراہم کی گئی اور ابتدائی لیبارٹری ٹیسٹ بھی مکمل کر لیے گئے۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچوں بچے مسلسل طبی نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔

ویٹلز نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے والد عدنان شیخ نے بتایا کہ ان کی شادی کو صرف ایک سال ہوا ہے اور یہ ان کے پہلے بچے ہیں۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انہیں تین بیٹیاں اور 2 بیٹے عطا کیے ہیں اور ان کی اہلیہ کی حالت بھی بہتر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔