پاکستان

کراچی: کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر سُنار جاں بحق، دکانداروں کا واقعے کیخلاف احتجاج

واقعے کیخلاف مشتعل ہو کر اہل علاقہ اور دکانداروں نے کورنگی کی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا۔

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو گولیوں سے نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، کورنگی میں دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سُنار جاں بحق جبکہ گاہک خاتون زخمی ہوگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کورنگی کی مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا۔

ایس ایچ او کورنگی عدیل افضل کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو،کورنگی نمبر 2 میں واقع مارکیٹ میں جیولری شاپ سے 35 سونے کی لونگ چھین کر فرار ہوئے۔

انہی ڈاکوؤں نے علاقے میں ایک اور جیولری شاپ کو بھی لوٹنے کی کوشش کی، اس دوران 32 سالہ دوکاندار متین مُقیب نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کر دی اور لوٹے ہوئے زیورات کے ساتھ فرار ہو گئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں دکاندار متین مُقیب اور 62 سالہ گاہک خاتون کبریٰ رفیق زخمی ہو گئیں، دونوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دکاندار دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایس ایچ او کے مطابق دکاندار کو ٹانگ پر گولی لگی تھی اور وہ زیادہ خون بہہ جانے کے باعث جاں بحق ہوا، جبکہ خاتون کو پاؤں پر گولی لگی ہے اور اُن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

واقعے پر مارکیٹ ایسوسی ایشن اور اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور انہوں نے اسٹریٹ کرائمز کی بڑی ہوئی وارداتوں کیخلاف کورنگی نمبر 2 کی مرکزی سڑک کو بند کر کے احتجاج کیا۔