پاکستان

وزیراعلیٰ نے بزنس کمیونٹی کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ‘ کا افتتاح کر دیا

ایس بی او ایس ایس صرف ایک ڈیجیٹل حل نہیں بلکہ طرزِ حکمرانی کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاح ہے، پلیٹ فارم 9 اہم محکموں کی 32 ای-لائسنسنگ خدمات فراہم کرے گا، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (ایس بی او ایس ایس) کا افتتاح کردیا، جو ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد صوبے بھر میں کاروباری رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ افتتاحی تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر شیخ، صوبائی وزرا، سیکریٹریز، اعلیٰ بیوروکریٹس اور کاروباری برادری کے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے اس اقدام کو سندھ کی معیشت اور طرزِ حکمرانی کے لیے ایک انقلابی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس بی او ایس ایس صرف ایک ڈیجیٹل حل نہیں بلکہ طرزِ حکمرانی کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاح ہے۔

انہوں نے اسے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور نجی شعبے کو بااختیار بنانے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا۔

یہ پلیٹ فارم ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری کلک (CLICK) پروجیکٹ کے تحت تیار کیا گیا ہے، جو اس وقت 9 اہم محکموں کی 32 ای-لائسنسنگ خدمات فراہم کر رہا ہے اور آئندہ مرحلے میں اسے 16 محکموں کی 130 سے زائد ریگولیٹری خدمات تک توسیع دی جائے گی۔

یہ نظام چوبیس گھنٹے فعال ہے اور اسے ون لنک، ایس ای سی پی، نادرا اور محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) جیسے قومی ڈیٹابیسز سے منسلک کیا گیا ہے جو حقیقی وقت میں شناخت کی تصدیق اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ممکن بناتا ہے۔

ایس بی او ایس ایس کے ذریعے 9 اہم محکموں کی 32 ای-لائسنسنگ خدمات دستیاب ہیں۔

پاکستان میں پہلی بار کسی کاروباری سہولت کے پلیٹ فارم میں بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کی درستگی، شفافیت اور جعل سازی سے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چاہے آپ بڑے سرمایہ کار ہوں یا گھر سے کام کرنے والے چھوٹے کاروباری مالک، ایس بی او ایس ایس آپ کو منصفانہ، متوقع اور آسان رسائی کی ضمانت دیتا ہے، انہوں نے کاروباری افراد کو اس سروس سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

مراد علی شاہ نے اعتراف کیا کہ سندھ حکومت کو عوامی تاثر کے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن کہا کہ حکومت جدید طرزِ حکمرانی کے لیے پرعزم ہے، ہمیں دنیا کی رفتار سے ہم آہنگ ہونا ہوگا ورنہ پیچھے رہ جائیں گے، سندھ صنعتی ترقی کی قیادت کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان پچھلے 3 سال میں ورلڈ بینک کے ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں اپنی پوزیشن 147 سے بہتر کر کے 108 پر لے آیا ہے، ملک میں خوشحالی لانے کے لیے ہمیں صنعتی ترقی کو ترجیح دینی ہوگی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اب تمام لائسنسنگ عمل آن لائن منتقل کیے جا رہے ہیں، اور درخواست گزار ڈیجیٹل طریقے سے منظوری حاصل کر سکیں گے، ایس بی او ایس ایس کا اگلا مرحلہ تمام ریگولیٹری و لائسنسنگ خدمات کو ڈیجیٹل بنانا، سندھ بھر میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنا اور چوبیس گھنٹے ڈیجیٹل کونٹیکٹ سینٹر کا آغاز شامل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ صرف ابتدا ہے، ہم ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں جو جدت، کارکردگی، اور مشترکہ اقتصادی خوشحالی پر مبنی ہوگا، انہوں نے ورلڈ بینک کے اسٹریٹجک تعاون پر شکریہ ادا کیا اور سندھ انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر شراکت دار اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر شیخ نے ایس بی او ایس ایس کو کاروباری عمل کو سہل بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ وفاقی حکومت بھی لائسنسنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو۔

انہوں نے سندھ حکومت کی کاروبار دوست کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ملکی کرنسی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، معاشی اشاریے مثبت ترقی کی جانب اشارہ دے رہے ہیں، آج جاری ہونے والا پہلا ایس بی او ایس ایس لائسنس ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی قاسم نوید اور سیکریٹری انویسٹمنٹ راجا خرم شہزاد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

ایس بی او ایس ایس پلیٹ فارم اب سندھ بھر میں صارفین کے لیے دستیاب اور قابل رسائی ہے۔