پاکستان

لاہور میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب، مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق

لوکھوڈیر رنگ روڈ پر چھت گرنے سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے، علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو حکام ، دریائی بند ٹوٹنے سے لیہ میں آبادیوں میں پانی داخل

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، سول سیکریٹریٹ، کرشن نگر، چوبرجی، مزنگ، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، تاج پورہ، فیصل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، چوک ناخدا اور کینال روڈ پر بادل برس پڑے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہ لاہور کے علاقے لوکھوڈیر رنگ روڈ سے ایک گھر کی چھت گرنے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، زخمی ہونے والے 3 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے سے 3 افراد کو زندہ نکالا، ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

لیہ: دریائی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی آبادیوں میں داخل

دریائےسندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا، جس کے بعد لوگوں کی محفوط مقامات پر نقل مکانی شروع ہوگئی۔

اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان کا کہنا تھا کہ ٹوٹنےوالا سپر بند لیہ تونسہ پل کے پانی کےرخ کو موڑنے کےلیے بنایا گیا تھا، بند ٹوٹنے سے زیادہ آبادی کو خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپر بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آئی ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ مون سون سیزن کے دوران طوفانی بارشوں کے بعد ملک بھر میں کمزور عمارتوں اور گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات تسلسل سے رپورٹ ہو رہے ہیں، چند روز کے دوران لاہور میں مکان کی چھت گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی کمزور عمارتیں اور گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔