وزیراعظم کی سرکاری کمپنیوں اور اداروں کے بورڈ ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
بورڈز کے ممبران کی نامزدگی 10 دن کےاندر کابینہ کو بھیجی جائے، وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ، سرکاری اداروں کے بیشتر بورڈز کو ایڈہاک بنیادوں پر چلایا جارہا ہے، ذرائع
وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری کمپنیوں اور اداروں کے بورڈ مکمل نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وفاقی سیکریٹریز کو تمام بورڈز مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے تمام وفاقی سیکریٹریز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام بورڈز ایس او ای ایکٹ کے تحت ایک ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بورڈز کے ممبران کی نامزدگی 10 دن کےاندر کابینہ کو بھیجی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بورڈز مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری شعبے کے اداروں اور کمپینوں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت سرکاری اداروں کے بیشتر بورڈز کو ایڈہاک بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے۔