دنیا

جرمنی، فرانس اور برطانیہ کا اسرائیل سے غزہ میں امداد کی ترسیل پر پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ

' غزہ میں جو انسانی المیہ ہم دیکھ رہے ہیں، اسے اب ختم ہونا چاہیے' مشترکہ بیان، 24 گھنٹوں میں مزید 9 فلسطینی بھوک سے شہیدہو گئے، وزارت صحت

جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے اسرائیل سے غزہ میں امداد کی ترسیل پر پابندیاں فوراً ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا، غزہ میں بھوک کی وجہ سے مزید 9 فلسطینی شہید ہوگئے، غذائی قلت کی وجہ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 122 ہوگئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں ’ امدادی سامان کی فراہمی پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کرے۔’

تینوں ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’ غزہ میں جو انسانی المیہ ہم دیکھ رہے ہیں، اسے اب ختم ہونا چاہیے۔’

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’شہری آبادی کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنا ناقابل قبول ہے۔‘

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں ہسپتالوں میں مزید 9 فلسطینی بھوک کی وجہ سے شہید ہو گئے۔

وزارت صحت کے مطابق غذائی قلت کا شکار ہوکر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 122 ہوگئی۔

فن لینڈ، ناروے میں رفح بارڈر کراسنگ کی بندش کیخلاف مصری سفارتخانوں کے سامنے احتجاج

فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں کارکنوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مصری سفارت خانے کے مرکزی گیٹ کے سامنے مظاہرہ کیا اور مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان رفح بارڈر کراسنگ کی بندش کی مخالفت کی۔

فلسطین حامی اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی تصویریں سفارت خانے کے گیٹ کے سامنے زمین پر رکھ کر ان پر سرخ پینٹ انڈیل دیا، پولیس موقع پر پہنچی اور سفارت خانے کے داخلی راستے کو محفوظ بنایا۔

اسی طرح ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں کارکنوں نے غزہ کے عوام کو بھوکا رکھنے کے خلاف احتجاجاً مصری سفارت خانے کے لوہے کے گیٹ بند کر دیے، سفارت خانے کے سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرنے کی کوشش کی۔