پاکستان

چارسدہ: شہری نے گولیاں مارکر اپنے والد اور بیوی کو قتل کر دیا

ملزم اعجاز نے گھریلو جھگڑے کے بعد طیش میں آکر فائرنگ کی، والد اور اہلیہ موقع پر چل بسے، بھائی زخمی ہوگیا، مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی، پولیس حکام

چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے دلازاک میں ایک شخص نے گھریلو جھگڑے پر اپنے والد اور بیوی کو قتل اور بھائی کو زخمی کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ انہوں نے زخمی نواز شریف کی شکایت پر مقدمہ درج کیا، جس میں کہا گیا کہ اس کے بھائی اعجاز نے والد روان شاہ سے جھگڑے کے دوران طیش میں آکر اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں روان شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

مدعی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اعجاز کی بیوی بھی جاں بحق ہو گئی، جب کہ وہ خود (نواز شریف) زخمی ہو گیا۔

ملزم واقعے کے بعد فرار ہو گیا، سارو کلے پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دریں اثنا، عمرزئی کے علاقے ہری چند میں موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرانے سے 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

نوجوانوں کی شناخت کاشف اور انیس کے نام سے ہوئی ہے جو دھکی سے تعلق رکھتے تھے۔

لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں تدفین کے لیے کے لیے گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔