بلوچستان: خضدار سے 3 افراد کی گولیاں لگی لاشیں ملیں
بلوچستان کے ضلع خضدار سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خضدار پولیس نے بتایا کہ تینوں افراد کی لاشیں ایم ایٹ شاہراہ سورگز کے مقام سے ملیں، مقتولین عبدالمجید، عطاالرحمٰن اور ممتاز کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔
پولیس نے ریسکیو کے ذریعے لاشیں ہسپتال منتقل کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ اپریل 2025 میں بھی بلوچستان کے ضلع زیارت سے 7 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر زیارت ذکااللہ نے ’ڈان‘ کو بتایا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کو زیارت کے علاقے گونجا تنگی کے مقام پر 7 لاشوں کی اطلاع ملی، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کو ایمبولنسز کے ہمراہ جائے وقوع روانہ کیا گیا تھا۔
تاہم جائے وقوع سے قریب چوتیر کے مقام پر علاقہ مکینوں نے احتجاجاً شاہراہ کو بلاک کر رکھا تھا اور علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مارے جانے والے افراد کا تعلق چوتیر یا ضلع زیارت سے نہیں اور اگر یہ تمام افراد دہشت گرد ہیں تو پہلے کبھی اس علاقے میں نظر نہیں آئے۔
ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا تھا کہ علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کہیں لاشیں ملنے کے بعد اس ہی کو جواز بنا کر ہمارے علاقے میں کوئی آپریشن نہ شروع کر دیا جائے۔