رحیم یارخان: پولیس کا کچے میں آپریشن، 3مغوی بازیاب کرالیے
مسلح ڈاکوؤں نے گزشتہ رات اسلحے کی نوک پر تینوں افراد کو اغوا کیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ بھونگ رحیم یار خان میں درج تھا، ترجمان پولیس
پنجاب کے ضلع رحیم یار خان پولیس نے کچے میں آپریشن کیا اور اقلیتی برادری کے تین مغوی بازیاب کرالیے۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ نواز آباد کی حدود سے اغوا ہونے والے اقلیتی برادری کے تین مغوی بازیاب کرا لیے گئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تینوں مغویوں کو 24 گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے گزشتہ رات اسلحے کی نوک پر تینوں افراد کو اغوا کیا تھا، مغوی افراد کے اغوا کا مقدمہ تھانہ بھونگ رحیم یار خان میں درج تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن میں تینوں مغوی بازیاب کروا لیے۔