پاکستان

بدین: فاضل راہو میں گاؤں کے بزرگ نے غیرت کے نام پر پوتی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا

فہمیدہ نے پسند کی شادی کیلئے گھر چھوڑا تھا، جس شخص سے شادی کرنا چاہتی تھی، وہی اُسے دھوکا دے گیا، گھر آنے پر چند گھنٹےبعد قتل کر دیا گیا، ملزم آدم ابڑو خود پولیس کے سامنے پیش ہوا۔

ضلع بدین کی تحصیل فاضل راہو میں ایک گاؤں کے بزرگ نے اپنی 22 سالہ پوتی کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور خود پولیس کے سامنے پیش ہو گیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق آدم ابڑو نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی پوتی، فہمیدہ ابڑو، کو غیرت کے نام پر قتل کیا، کیوں کہ وہ کئی دنوں بعد گھر واپس آئی تھی، یہ خاندان آدم ابڑو گاؤں کا رہائشی ہے، جو بزرگ کے نام پر رکھا گیا ہے اور فتح آباد یونین کونسل میں واقع ہے۔

علاقہ پولیس نے مقتولہ کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوائی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گلا کاٹنے کے لیے چاقو استعمال کیا۔

فاضل راہو کے ڈی ایس پی عبد الرحیم خاصخیلی نے میڈیا کو بتایا کہ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ اس قتل میں کچھ اور افراد بھی ملوث ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آدم ابڑو نے ترائی پولیس کے سامنے خود کو پیش کیا، جہاں سے اُسے ماڈل پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، اور پھر وہاں سے کیس درج کرنے کے لیے کاریو گھنویر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

گاؤں کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولہ نے اپنی مرضی سے شادی کرنے کے لیے گھر چھوڑا تھا، وہ جس شخص سے شادی کرنا چاہتی تھی، وہی اُسے دھوکا دے گیا، فہمیدہ جمعہ کی علی الصبح اپنے والدین کے گھر واپس آئی اور چند گھنٹوں بعد اسے قتل کر دیا گیا۔

قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔