دنیا

اسرائیل کی جانب سے عسکری کارروائیوں میں وقفے کے اعلان کے باوجود حملے جاری، مزید 53 فلسطینی شہید

53 شہداء میں 32 افراد وہ تھے جو امداد کے حصول کے لیے جمع ہوئے تھے

غزہ کے تین علاقوں میں روزانہ 10 گھنٹے کے لیے عسکری کارروائیاں روکنے کے اعلان کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں جن میں صبح سے اب تک 53 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ڈان نیوز نے خبر رساں ادارے رائٹرز کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کے 3 مخصوص علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر عسکری کارروائیاں عارضی طور پر روک دے گی، یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی حکام نے فلسطینی علاقے میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ یہ عارضی وقفہ روزانہ المواسی، دیر البلح اور غزہ سٹی میں صبح 10 بجے سے شام 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے سے رات 10 بجے تک) تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک مخصوص محفوظ راستے بھی مستقل طور پر کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں اور امدادی گاڑیوں کی نقل و حرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔

تاہم قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں طبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے اعلان کے باوجود غزہ میں اس کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جن میں خاتون اور چار بچوں سمیت صبح سے اب تک 53 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ مزید چھ فلسطینی بھوک کی وجہ سے شہید ہوگئے۔

طبی ذرائع کے مطابق 53 شہداء میں 32 افراد وہ تھے جو امداد کے حصول کے لیے جمع ہوئے تھے۔