پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات، زائرین سےمتعلق نئی پالیسی پر بریفنگ

وفاقی وزیر داخلہ نے شہباز شریف کو بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی، وزیراعظم نے محسن نقوی کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو زائرین کی نئی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیر ہوابازی خواجہ محمد آصف کو زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہباز شریف کو بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعظم نے وزیرِ داخلہ کو گوادر سیف سٹی پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج (27 جولائی) کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پیغام میں کہا کہ زیارت اربعین کے لیے عراق و ایران کےفضائی سفر کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزارت خارجہ، بلوچستان حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی باہمی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، یہ مشکل فیصلہ عوام کے تحفط اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ وزیراعظم نے زائرین کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے، پروازوں مین اضافہ کرکے زائرین کو زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔