کالعدم علیحدگی پسند گروپ سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان پولیس موبائل نذر آتش کرنے کے الزام میں گرفتار
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے ایک اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو بن قاسم ٹاؤن سے گرفتار کیا
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے ایک اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بن قاسم ٹاؤن سے ایک کالعدم علیحدگی پسند گروپ سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی شر پسند’ عطا اللہ شار کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی، گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کی شناخت زاہد علی مگسی اور عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے ایک سیل فون بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان نے بالترتیب 27 اپریل اور 22 جون کو کاٹھور کے قریب لنک روڈ پر ایک احتجاج کے دوران پولیس موبائل کو آگ لگائی تھی۔
ملزمان کے 6 ساتھی پہلے ہی ان آتش زنی کی کارروائیوں میں گرفتار ہو چکے ہیں، ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔