کراچی کو ’ڈکیتوں کے سپرد‘ کر دیا گیا، فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو ڈکیتوں کے سپرد کردیا گیا ہے، سندھ حکومت ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے افراد کی داد رسی کو تیار نہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ شہرِ قائد میں عوام کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک ہورہا ہے، ٹریفک پولیس بھتہ لے رہی ہے، لوگوں کے مرنے پر صوبائی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا سندھ حکومت کراچی کو اپنانے اور اس کی اونر شپ لینے کو تیار نہیں ہے، شہر میں ڈکیتی مزاحمتوں کے دوران جو شہادتیں ہو رہی ہیں، اس پر کوئی افسوس تک نہیں کر رہا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے سر پر ہاتھ رکھنے کو تیار نہیں ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا عمل یہ کہہ رہا ہے کہ کراچی سندھ کا حصہ نہیں ہے، کیوں سندھ کو تقسیم کی جانب لے جارہے ہو۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، کراچی میں لوٹ کھسوٹ کا سارا مال باہر جا رہا ہے۔