پاکستان

کراچی: ابراہیم حیدری میں دوران ڈکیتی خاتون سے گینگ ریپ میں ملوث ملزمان گرفتار

پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کرلیا، 2 ساتھیوں کی تلاش جاری، ملزمان کا ابتدائی تفتیش میں واردات کا اعتراف۔

کراچی کے ضلع ملیر کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ابراہیم حیدری میں دوران ڈکیتی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی (گینگ ریپ) اور ڈکیتی میں ملوث گروہ کے ملزمان کو چند گھنٹے میں ہی گرفتار کرلیا۔

ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق پولیس نے ٹیکنیکل ذرائع اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین 3 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کی گرفتاری ابراہیم حیدری کے علاقے سے عمل میں آئی۔

ملزمان نے نہ صرف گھر سے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لوٹا بلکہ مبینہ طور پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1 عدد پستول اور رائونڈز برآمد ہوئے، گرفتار ملزمان کی شناختعادل، شیراز اور یاسر کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزمان نے خاتون کی بالیاں بھی زبردستی اتروائیں اور ساتھ لے کر فرار ہوگئے تھے۔

ترجمان ضلع ملیر پولس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ اس واردات میں ملزمان کے 2 مزید ساتھی بھی شامل تھے، گروہ کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

ابراہیم حیدری پولیس کی جانب سے ضابطے کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔