لاہور: جماعت اسلامی کے کارکنوں کی مارچ کیلئے منصورہ سے نکلنے کی کوشش، پولیس سے دھکم پیل
لاہور کے علاقے منصورہ میں ’حق دو بلوچستان‘ مارچ کے لیے تیار جماعت اسلامی کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے آگئے، دوسری جانب سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں حکومتی وفد جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے منصورہ پہنچ گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ’حق دو بلوچستان‘ مارچ کے لیے منصورہ سے نکلنے کی کوشش کی جس پر پولیس سامنے آگئی اور دھکم پیل ہوئی۔
جماعت اسلامی کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے پہلے پنجاب حکومت کی مذاکراتی ٹیم دوسرے روز بھی منصورہ پہنچی، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ مذاکرات میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمٰن کی قیادت میں ’حق دو بلوچستان‘ مارچ کو گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونا تھا تاہم لاہور پولیس نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے اس کے مرکزی دروازے پر درجنوں اہلکار تعینات کردیے تھے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز بھی منصورہ پہنچ کر لیاقت بلوچ کی زیرقیادت جماعت اسلامی کے وفد سے مذاکرات کیے تھے، حکومت کا اصرار تھا کہ جماعت اسلامی حق دو بلوچستان مارچ کو منصورہ میں ختم کردے، جبکہ جماعت اسلامی نے ہرحال میں اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا تھا۔