پاکستان

ایس بی سی اے کا غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈرز کیخلاف مقدمات درج رکوانے کا فیصلہ

متعلقہ پولیس اسٹیشنز میں سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979 کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں گے، دستاویزی ثبوت اور بلڈنگ پلانز منسلک کیے جائیں گے، نوٹیفکیشن جاری۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈرز کے خلاف سخت کارروائی اور مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات پر سخت ایکشن لیا جائے گا، اور مقدمات درج رکوائے جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایس بی سی اے شاہ میر خان بھٹو نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ڈی جی ایس بی سی اے نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈرز کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی ہدایت کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہری منصوبہ بندی کے قوانین کی خلاف ورزی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

متعلقہ پولیس اسٹیشنز میں سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس 1979 کے تحت مقدمات درج کروائے جائیں گے، تمام دستاویزی ثبوت اور منظور شدہ بلڈنگ پلانز مقدمات کے ساتھ منسلک کیے جائیں گے۔

ڈی جی ایس بی سی اے نے نوٹیفکیشن میں ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹسز پر ڈپٹی ڈائریکٹرز کے دستخط لازمی ہوں گے، مقامی پولیس حکام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار جائے۔

اس حکم کے جاری ہونے کے 7 دنوں کے اندر تعمیلی رپورٹ جمع کروائی جائے، ان ہدایات کی عدم تعمیل پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے شاہ میر خان بھٹو نے جاری کیا۔