کھاریاں: تالاب میں نہاتے ہوئے 2 بھائیوں سمیت 4 بچے جاں بحق
پنجاب کے ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں میں تالاب میں نہاتے ہوئے 2 بھائیوں سمیت 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق کھاریاں میں موہری روڑ کے مقام پر پانی کے تالاب میں 5 بچے نہاتے ہوئے ڈوبے گئے تھے، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ایک بچے کو بچا لیا، اس دوران ڈوبنے والے 2 بھائیوں سمیت 4 بچوں کی لاشیں پانی سے نکال کر لواحقین کے حوالے کر دیں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق جاں بحق بچوں میں 13 سالہ وقاص، 9 سالہ سمیع اللہ، 16 سالہ محمد علی اور 14 سالہ علی حسن شامل ہیں۔
اٹک میں سیلاب کی زد میں آکر 4 خواتین جاں بحق، بچہ پانی میں بہہ گیا
قبل ازیں، اٹک کی تحصیل حسن ابدال کے قریب بھی ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں سیلابی ریلے کی زد میں آکر 4 خواتین جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک بچے سیلابی پانی میں بہہ گیا۔
ڈپٹی کمشنر اٹک کے مطابق حادثے کے وقت نالے کے اوپر پل سے بلند سیلابی ریلہ گزر رہا تھا، اس دوران واہ کینٹ سے پکنک منانے کےلیے آنے والے خاندان کے 10 افراد گاڑی سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ڈی سی اٹک نے بتایا کہ مقامی غوطہ خوروں اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو بچاکر پانی سے 4 خواتین کی لاشیں نکال لی ہیں، جب کہ لاپتہ ایک بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔