پاکستان

خیبرپختونخوا: محکمہ صحت کے سینئر افسر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا

ملزم نے آڈٹ اعتراضات ختم کرنے کیلئے 20 لاکھ مانگے تھے، اینٹی کرپشن نے اسٹنگ آپریشن کرکے حراست میں لیا، اسپیشل انویسٹی گیشن وِنگ کے حوالے کردیا گیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے محکمہ صحت کے سینئر افسر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، ملزم نے آڈٹ اعتراضات ختم کرنے کے لیے 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ ملزم نے آڈٹ اعتراضات ختم کرنے کے لیے 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے، مشیر اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے شکایت کا سخت نوٹس لیا اور فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

ملزم سیکشن آفیسر جنرل محکمہ صحت عدنان مروت کے آفس میں رشوت کی رقم وصول کر رہا تھا۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن صدیق انجم کی قیادت میں کامیاب اسٹنگ آپریشن کیا گیا، رشوت کی رقم برآمد کرکے ملزم کو اینٹی کرپشن کے اسپیشل انویسٹی گیشن وِنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔