پاکستان

لاہور: 72 سالہ بزرگ کو قتل کرکے لاش جلانے والا مبینہ قاتل جگری دوست نکلا

فرخ شکیل کو دوست نے اپنے گھر بلایا، بیٹے کیساتھ ملکربلڈ پریشر لو کرنے کی دوائیں کھلانے کے بعد گلا دباکر قتل کیا، دوسرے شہر میں لاش جلائی، کمسن بیٹی کو قتل کرنیوالا باپ بھی پکڑا گیا۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں قتل کی 2 مختلف وارداتوں کا سراغ لگا لیا گیا، 72 سالہ بزرگ کو اغوا کے بعد قتل کرنے اور لاش جلانے والا مبینہ قاتل جگری دوست نکلا، جب کہ 10 سالہ بیٹی کو قتل کرنے والے باپ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بزرگ شہری اور کم سن بچی کے قتل کی واردات کی تفتیش مکمل کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن ذیشان رضا کے مطابق کاہنہ میں 72 سالہ بزرگ کے قتل کا معاملہ حل کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ جگری دوست نے دھوکے سے فرخ شکیل کو گھر بلایا، بیٹے کے ساتھ مل کربلڈ پریشر لو کرنے کی دوائیں کھلانے کے بعد گلا دباکر قتل کر دیا، اور پھر لاش دوسرے شہر لے جا کر جلا دی۔

دوسری جانب شمالی چھاؤنی میں 10 سالہ بیٹی کو قتل کرنے والے باپ آصف کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ بیوی سےعلیحدگی کے غصے میں ملزم نے بیٹی کو اینٹوں کے وار کرکے قتل کیا، جب کہ دو بیٹے محفوظ رہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال قتل کے 203 مقدمات میں سے 178 کی تفتیش مکمل کی جاچکی ہے۔