جولائی کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے بعد ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تبادلے و تقرریاں
جولائی کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے گریڈ 17 سے 22 کے 252 افسران کے تبادلے و تقرریاں کردی گئیں۔
ایف بی آر نے تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، جس کا اطلاق فوری ہو گا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق گریڈ 18 سے 21 کے 33 افسران کو اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں، اسی طرح ان لینڈ ریونیو گریڈ 22 کا ایک اور گریڈ 21 کے 10 افسران کے تبادلے کر دیے گئے۔
ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ 20 کے 9 افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں، جبکہ گریڈ 18 کے 131 اورگریڈ 17 کے 101 افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں کی گئیں۔
تبدیل کیے جانے والے افسران میں ممبر اور متعدد چیف کمشنرز سمیت دیگر شامل ہیں، متعدد ایڈیشنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی جیز کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔
تبدیل کیے جانے والوں میں چیف کمشنر ریجنل ٹیکس افسر کراچی، راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ بھی شامل ہیں، اسی طرح چیف کمشنر ایبٹ آباد اورحیدر آباد سمیت دیگر بھی تبدیل کیے جانے والے افسران میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی میں 748.6 ارب روپے اکٹھے کیے تھے، جو ماہانہ ہدف سے زائد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔