کاروبار

سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ تمام اداروں کیلئے الیکٹرانک انوائسنگ سسٹم کیساتھ انضمام لازمی قرار

ایف بی آر کی پبلک لمیٹڈ کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو 10 اگست تک رجسٹریشن، 25 اگست تک سسٹم کی جانچ کرنے، یکم ستمبر سے الیکٹرانک انوائسز جاری کرنے کی ہدایت۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ تمام اداروں کے لیے لازمی قرار دیا ہے کہ وہ مرحلہ وار طریقے سے الیکٹرانک انوائسنگ سسٹم کے ساتھ انضمام مکمل کریں، جس کا آغاز یکم اگست سے ہو گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سرکاری نوٹی فکیشن (SRO1413) میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے تمام رجسٹرڈ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایف بی آر کے مرکزی نظام کے ساتھ ایک لائسنس یافتہ انٹیگریٹر یا پی آر اے ایل کے ذریعے اپنے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کی رجسٹریشن اور ٹیسٹنگ مکمل کریں، اور مقررہ وقت کے اندر الیکٹرانک انوائسز جاری کرنا شروع کریں۔

اس عمل کا آغاز پبلک لمیٹڈ کمپنیوں اور تمام درآمد کنندگان سے کیا جا رہا ہے، جنہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 10 اگست تک رجسٹریشن مکمل کریں، 25 اگست تک سسٹم کی جانچ (ٹیسٹنگ) کریں، اور یکم ستمبر سے الیکٹرانک انوائسز جاری کرنا شروع کریں۔

اسی طرح، وہ کمپنیاں جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں سیلز ٹیکس ریٹرن میں ایک ارب روپے سے زائد ٹرن اوور ظاہر کیا، انہیں بھی اسی ٹائم لائن پر عمل کرنا ہوگا، یعنی 10 اگست تک رجسٹریشن، 25 اگست تک ٹیسٹنگ اور یکم ستمبر سے انوائسنگ کا اجرا۔

جن کمپنیوں کا ٹرن اوور 10 کروڑ روپے سے ایک ارب روپے کے درمیان ہے، انہیں 10 ستمبر تک رجسٹریشن، 30 ستمبر تک ٹیسٹنگ، اور یکم اکتوبر سے انوائسنگ کا آغاز کرنا ہوگا، جب کہ وہ ادارے جن کا ٹرن اوور 10 کروڑ روپے سے کم ہے، انہیں 10 اکتوبر تک رجسٹریشن، 30 اکتوبر تک ٹیسٹنگ، اور یکم نومبر سے الیکٹرانک انوائسنگ شروع کرنا ہوگی۔

اس کے علاوہ، تمام افراد اور ایسوسی ایشنز آف پرسنز جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں 10 کروڑ روپے سے زائد ٹرن اوور ظاہر کیا، انہیں بھی ستمبر اور اکتوبر کی ڈیڈ لائنز پر عمل کرنا ہوگا۔

دیگر رجسٹرڈ افراد جو مذکورہ بالا زمروں میں شامل نہیں، انہیں 10 نومبر تک رجسٹریشن، 30 نومبر تک ٹیسٹنگ، اور یکم دسمبر سے الیکٹرانک انوائسنگ شروع کرنا ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تمام ادارے ایف بی آر کے مرکزی الیکٹرانک انوائسنگ پلیٹ فارم کے ساتھ مکمل انضمام کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیکس کی خدمات کو بہتر بنایا جاسکے۔