خیبرپختونخوا: شانگلہ میں مبینہ غیرت کے نام پر خاتون کا قتل، ملزم گرفتار
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے ایک شخص کو گرفتارکر لیا۔
بشام تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سید خورشید علی نے ڈان کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کے روز بشام تحصیل کے بابئی علاقے میں پیش آیا، اس واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) مقتولہ کے والد کی شکایت پر ایک دن پہلے بشام پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت درج کی گئی تھی۔
شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ شام 8 بجے گھر پر تھے، جب اس کی بیٹی واش روم جانے کے لیے باہر گئی، اور اس کے فوراً بعد اس نے فائرنگ کی آواز آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ باہر نکلے تو دیکھا کہ ان کا بھتیجا ہتھیار کے ساتھ ان کی بیٹی کو مار رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنی بیٹی کے پاس پہنچے تو وہ اپنی آخری سانسیں لے رہی تھی۔
شکایت کنندہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی تین سال قبل شادی ہوئی تھی اور ان کا ایک چھوٹا بچہ ہے۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او سید خورشید علی نے کہا کہ ’مشتبہ شخص کو آج گرفتار کر لیا گیا، ابتدائی طور پر ایف آئی آر دفعہ 302 کے تحت درج کی گئی تھی، تاہم بعد میں اس میں دفعہ 311 میں تبدیل کر دیا جائے گا کیونکہ یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل سے متعلق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشتبہ شخص کو شک تھا کہ مقتولہ باہر جا کر کسی سے مل رہی تھی اور اس کا ناجائز تعلق تھا۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔