پاکستان

بھارت نے دریائے نیلم میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے کردی

18 سالہ شہزاد منظور 3 جولائی کو شیخ بیلہ گاؤں کے قریب دریا میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا، لاش 17 دن بعد مقبوضہ کشمیر کے کرن گاؤں میں دریا کے کنارے دیکھی گئی، سرکاری ذرائع

بھارتی حکام نے دریائے نیلم میں ڈوبنے والے آزاد جموں و کشمیر کے ایک نوجوان کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے کر دی، ہفتے کو چلیانہ میں پیدل چلنے والوں کے ایک پل پر لاش حوالے کی گئی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 18 سالہ شہزاد منظور 3 جولائی کو شیخ بیلہ گاؤں کے قریب دریا میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا تھا۔

مقامی افراد کی کوششوں کے باوجود لاش 17 دن تک نہ مل سکی، یہاں تک کہ یہ مقبوضہ کشمیر کے کرن گاؤں میں دریا کے بائیں کنارے پر دیکھی گئی۔

20 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کی جانب سے جاری کردہ تصاویر اور ویڈیوز میں بھارتی فوجی اہلکاروں اور مقامی افراد کو دریا کے کنارے سے ایک لاش نکالتے ہوئے دکھایا گیا۔

بعد ازاں دونوں جانب کے حکام نے عسکری ذرائع کے ذریعے رابطہ کر کے لڑکے کی شناخت کی تصدیق کی اور لاش کی واپسی کو ممکن بنایا۔