پاکستان

صادق آباد: اندڑ گینگ نے شیخانی پولیس پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

پولیس نے3ہندو مغویوں کی رہائی کے بدلے شبّان اندڑ کو رہا کرنے پر وعدہ خلافی کی، شبّان کرنے کے بجائے مقابلے میں مار دیا گیا، اس کا بدلہ لینے کیلئے اہلکاروں کو قتل کیا، تنویر عرف دودا اندڑ کا الزام

اندڑگینگ کے سرغنہ تنویر عرف دودا اندڑ نے جمعرات کی شب کچے کے علاقے میں واقع شیخانی پولیس پوسٹ پر کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، واقعے میں ایلیٹ فورس کے 5 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈاکو تنویر عرف دودا اندڑ کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر ہے، اس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے تین ہندو مغویوں کی رہائی کے بدلے شبّان اندڑ کو رہا کرنے کے حوالے سے وعدہ خلافی کی، جس دن شبّان کو پولیس کی قید سے آزاد ہونا تھا، اُسی دن اسے مقابلے میں مار دیا گیا۔

تنویر نے ویڈیو میں دعویٰ کیا ’ہم نے 5 سال سے جیل میں قید شبّان کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے 5 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا‘۔

ذرائع کے مطابق شیخانی پولیس پوسٹ خستہ حالت میں تھی اور سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں یہ پوسٹ ایک خیمہ نما فائبر کی چھتری دکھائی گئی جو اسٹیل کے 4 پائپوں پر کھڑی تھی۔

نواز آباد، سنگرپور اور چوک ماہی کے بعض مقامی رہائشیوں کے مطابق شیخانی چوکی کو فائبر کے بجائے پختہ تعمیر کی ضرورت تھی۔

پولیس ترجمان ذیشان رندھاوا نے روزنامہ ڈان کو بتایا کہ تنویر اندڑ کے تمام الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شبّان ایک مجرم تھا جو سنگین جرائم میں ملوث تھا اور پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

ادھر راجن پور پولیس نے کچے کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس میں بدنام گینگ لیڈر نجَم عرف نَجمی لُنڈ مارا گیا، جو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، ایک ڈاکو کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق راجن پور پولیس کے انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران جرائم پیشہ افراد اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران بھینس چوری، قتل اور اغوا برائے تاوان سمیت درجنوں سنگین جرائم میں مطلوب نجم لُنڈ مارا گیا، ہلاک ڈاکو کی لاش پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور پولیس کو کچے کے مجرموں کے خلاف بڑی کامیابی پر سراہا، راجن پور کے ڈی پی او فاروق امجد کا کہنا تھا کہ پولیس آپریشن کی کامیابی جدید ٹیکنالوجی اور منظم حکمتِ عملی کے تحت حاصل ہوئی۔