مون سون کے دوران بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 299 ہوگئی، این ڈی ایم اے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 299 ہو گئی۔
سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ مون سیزن کے دوران 26 جون سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 234 سے بڑھ کر 299 ہوگئی ہے جبکہ 715 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جون سے ستمبر تک جاری رہنے والی مون سون کی بارشیں ایک طرف گرمی سے نجات اور پانی کے ذخائر کو بھرنے کے لیے اہم ہوتی ہیں، تو دوسری طرف یہی بارشیں ہلاکت خیز سیلاب، زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈنگ) اور لوگوں کی بے دخلی کا باعث بھی بنتی ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جو ناقص نکاسی والے، گنجان آباد یا کمزور انفرااسٹرکچر کے حامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ’ اس سال کی طوفانی بارشوں اور سیلاب میں کم از کم 299 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ مزید 715 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونےو الوں میں 140 بچے، 102 مرد اور 57 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں 239 بچے، 204 خواتین اور 272 مرد شامل ہیں۔
بارشوں اور سیلاب کے دوران عوامی املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ کل 1676 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 562 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق، بارشوں کے دوران 428 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔
26 جون سے اب تک، این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں سے 2880 افراد کو ریسکیو اور محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق این ڈی ایم اے نے 13466 امدادی اشیاء تقسیم کیں، جن میں 1999 خیمے، 61 راشن بیگ، 958 کمبل، 569 رضائیاں، 613 گدے، 1282 کچن سیٹ، 1163 فوڈ پیک، 350 لائف جیکٹس، 1122 حفظانِ صحت کے گھریلو کٹس، 2170 ترپالیں اور 146 پانی نکالنے والی مشینیں شامل ہیں۔
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آئندہ ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں، ہوا اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے، اور صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو شہری سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
پی ایم ڈی کی تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق، 4 اگست سے 7 اگست تک ملک کے شمالی علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد میں ان تاریخوں کے دوران بارش ہوگی، جب کہ گلگت بلتستان میں بارش 5 اگست سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
ادھر بلوچستان میں زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم 6 اگست کو شمال مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بارش، ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جب کہ ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔