پاکستان

سیف سٹی منصوبے کا پہلا مرحلہ جلد مکمل کرلیا جائے گا، آئی جی سندھ

پہلے مرحلے کے تحت کراچی بھر میں 1300 اسمارٹ کیمرے نصب کیے جائیں گے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان شہریوں کو گھروں پر موصول ہوں گے، غلام نبی میمن کا تقریب سے خطاب

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے سیف سٹی منصوبے کے پہلے مرحلے کو جلد مکمل اور نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت شہر میں 1300 اسمارٹ کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

پولیس کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ان کیمروں کی تنصیب کے بعد چیکنگ اور دیگر پولیس اقدامات آسان ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پولیس کی جسمانی تلاشی کے دوران پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ان اسمارٹ کیمروں کی تنصیب سے انہیں جسمانی چیکنگ سے نجات ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان جسمانی چیکنگ سے پیدا ہونے والے تنازعات بھی ختم ہوں گے، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان شہریوں کو گھروں پر موصول ہوں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’ یقیناً اس سے پولیس کے خلاف شکایات اور تنقید کا خاتمہ ہو گا۔’

آئی جی غلام نبی میمن نے کہا کہ جب کراچی میں یہ جدید کیمرے کام شروع کریں گے تو ٹریفک پولیس کے خلاف شکایات اور غلط فہمیوں کا بھی خاتمہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ اب ٹریفک پولیس کیمرے کے ذریعے نگرانی کرے گی، غیر ضروری تنقید طاقتور ترین افراد کے حوصلے کو بھی پست کر دیتی ہے۔’

انہوں نے کہا کہ کراچی ایک میگا سٹی ہے جہاں ملک بھر سے لوگ روزگار کی تلاش میں آتے ہیں، لیکن وہ اپنی دشمنیاں اور جھگڑے بھی ساتھ لے کر آتے ہیں، تاہم مؤثر اور نتیجہ خیز پولیسنگ کے ذریعے قتل کے واقعات میں 500 فیصد تک کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں اب تک 2500 سے زائد پولیس اہلکار جرائم کے خلاف جنگ میں شہید ہو چکے ہیں۔