کھیل

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچواں ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لیے، جیت کے لیے مزید 35 رنز درکار، بھارت کو سیریز برابر کیلئے مزید 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچواں ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، کھیل کے چوتھے روز بارش اور کم روشنی کے باعث میچ کو جلدی ختم کر دیا گیا۔

ڈان ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آخری مقابلہ اوول کے میدان میں جاری ہے، جہاں دونوں ٹیمیں جیت کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں، انگلینڈ نے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا لیے ہیں جب کہ اسے جیت کے لیے مزید 35 رنز درکار ہیں تو بھارت کو سیریز برابر کے لیے مزید 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز جب غیر معمولی مقابلہ جاری تھا اس دوران کم روشنی اور موسلادھار بارش نے کھیل کو روک دیا، اس وقت انگلینڈ فتح سے صرف 35 رنز کی دوری پر تھا۔

انگلینڈ کے ہیری بروک اور جو روٹ نے چوتھی وکٹ کی شاندار 195 رنز کی شراکت قائم کی، جس نے انگلینڈ کو ریکارڈ ہدف کے قریب پہنچا دیا تھا۔ یہ کامیابی انہیں سیریز میں 1-3 سے کامیابی دلا سکتا ہے۔

اس دوران جب بھارتی ٹیم دباؤ میں تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 73 رنز درکار تھے، انگلش بیٹر ہیری بروک نے ایک غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 111 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ موقع بھارت کے لیے امید کی کرن بنا اور انہوں نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا، جیکب بیتھل بھی جلد بازی میں شاٹ کھیل کر صرف 5 رنز پر آؤٹ ہو گئے، اپنی کیریئر کی بہترین فارم میں موجود جو روٹ، جنہوں نے اپنی 39ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، پراسِد کرشنا کی گیند پر وکٹ کیپر دھروو جوریل کو کیچ دے بیٹھے، جو روٹ 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تناؤ میں ڈوبے ماحول میں جیمی اسمتھ اور جیمی اوورٹن گیند کو بیٹ سے لگانے میں مشکلات کا شکار رہے اور کئی زبردست اپیلوں کے باوجود کسی طرح وکٹ بچانے میں کامیاب رہے، جب تک کہ امپائروں نے روشنی ناکافی قرار دے کر کھیل روک دیا تھا، اس دوران موسلادھار بارش کے باعث مزید کھیل کا انعقاد ممکن نہ رہا۔

دلچسپ سیریز

کھیل کے پانچویں روز انگلینڈ 6 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز سے دوبارہ اننگز شروع کرے گا، زخمی کندھے کے باعث کرس ووکس کا کھیلنا ممکن نظر نہیں اور بھارت کو اب بھی جیت کی امید ہے جو انہیں سیریز کو 2-2 سے برابر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر50 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا، بھارت نے صبح کے سیشن میں برتری حاصل کرتے ہوئے بین ڈکٹ کو 54 اور اولی پوپ کو 27 رنز پر آؤٹ کر دیا، انگلینڈ کے 106 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔

ہیری بروک، جو 19 رنز پر کھیل رہے تھے، اس وقت خوش قسمت رہے جب محمد سراج نے باؤنڈری کے قریب ان کا کیچ تو کر لیا، لیکن باؤنڈر لائن عبور کرنے کے باعث وہ آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔

محمد سراج اور بھارتی ٹیم نے اس غلطی کی بڑی قیمت چکائی، جس کے بعد ہیری بروک نےمیدان کے چاروں طرف 12 چوکے اور 2 چھکے مارے اور محض 91 گیندوں پر اپنی 10ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔

واضح رہے کہ اوول کے میدان میں کامیاب ترین ہدف کا تعاقب انگلینڈ نے ہی اس سے قبل 1902 میں کیا تھا، انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز کامیابی سے بنائے تھے۔