پاکستان

حج کیلئے رجسٹریشن کروانے والوں سے واجبات کی پہلی قسط وصول کرنے کا آغاز

9 اگست تک وصولی جاری رہے گی، نشستیں بچ گئیں تو نئی درخواستیں وصول کی جائیں گی، دوبارہ حج کرنے اور عمر کی بالائی حد کی پابندی ختم کر دی گئی، وزارت مذہبی امور

رجسٹرڈ عازمین حج سے واجبات کی وصولی کا آغاز آج سے ہوگیا، رجسٹریشن کروانے والے افراد سے پہلی قسط 9 اگست تک وصول کی جائے گی، 11 سے 16 اگست تک نئے عازمین حج بھی اپلائی کرسکیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق ’حج پیکج 2026‘ ساڑھے 11 سے ساڑھے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہوگا، وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خواہشمند افراد نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹرڈ افراد سے پہلی قسط آج سے 9 اگست تک وصول کی جائے گی، نشستیں دستیاب ہونے پر 11 سے 16 اگست تک نئے عازمین حج بھی اپلائی کر سکیں گے۔

نشستیں مکمل ہوتے ہی حج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔

’حج پیکج 2026‘ 11 لاکھ 50 ہزار روپے سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی، دوبارہ حج کرنے اور عمر کی بالائی حد کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔