پاکستان

وزیراعظم بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کا جائزہ لینے گلگت بلتستان پہنچ گئے

شہباز شریف کا استقبال گورنر اور وزیراعلیٰ نے کیا، وزیراعظم بارشوں اور سیلاب کے متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کریں گے، مہدی شاہ کی سیلاب سے نقصانات پر بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور وزیراعلیٰ گلبر خان نے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم گلگت میں بارشوں اور سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کریں گے اور امدادی رقوم تقسیم کریں گے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی، گورنر گلگت بلتستان نے وزیرِ اعظم کو حالیہ بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال اور نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

گورنر گلگت بلتستان نے وزیرِ اعظم کو گلگت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور امن و امان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں حالیہ بارشوں و سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعا بھی کی گئی، وزیراعظم گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبر خان سے بھی ملاقات کریں گے اور متاثرین میں امدادی رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔