پاکستان

ایبٹ آباد: خاتون کا گینگ ریپ کرنے کے الزام میں تین ملزمان گرفتار

ڈی پی او عمر طفیل نے واقعے کے سوشل میڈیا پر اجاگر ہونے کے بعد ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، ترجمان ایبٹ آباد پولیس

خیبرپختونخوا کے ایبٹ آباد ضلع کے علاقہ باکوٹ میں ایک خاتون کے ساتھ گزشتہ ہفتے مبینہ گینگ ریپ کے الزام میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، یہ کارروائی واقعے کا سوشل میڈیا پر چرچا ہونے اور شدید عوامی ردعمل کے بعد کی گئی۔

ایبٹ آباد پولیس کے ترجمان اعظم میر افضل نے ڈان کو بتایا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر بدھ کو راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کیا تھا۔

ترجمان افضل نے کہا کہ’ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عمر طفیل نے واقعے کے فیس بک اور ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا پر اجاگر ہونے کے بعد فوری کارروائی کا حکم دیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ باکوٹ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ارشد خان کو گاؤں بھیجا گیا، جہاں انہوں نے دیکھا کہ مقامی لوگ بھی اس واقعے پر شدید برہم تھے۔

ایس ایچ او کی شکایت پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 34 (کئی افراد کا مشترکہ ارادے سے کیا گیا فعل)، 375 اے (ریپ) اور 376 (ریپ کی سزا) کے تحت کل باکوٹ پولیس اسٹیشن میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی۔

ڈان نیوز کے پاس موجود ایف آئی آر کی ایک کاپی کے مطابق پولیس نے اس ملزم کو گرفتار کر لیا جو اس گھر کا مالک تھا جہاں خاتون کے ساتھ اس کے اور اس کے دوستوں نے مبینہ طور پر گینگ ریپ کیا تھا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزمان میں سے ایک خاتون کو اپنی گاڑی میں راولپنڈی سے اپنے دوست کے گھر لایا، جہاں اس نے اور اس کے دوستوں نے باری باری اس کا ریپ کیا۔

اپنے بیان می، گھر کے مالک نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے دو ساتھیوں کی بھی شناخت کی، پولیس نے ایف آئی آر میں بتایا کہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاتون کی تلاش اور تحقیقات جاری ہیں۔

ریپ کے خلاف قوانین کی موجودگی کے باوجود، جس میں ریپ کی سزا یا تو سزائے موت یا 10 سے 25 سال کے درمیان قید ہوتی ہے، ملک میں ایسے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔

جولائی میں، کراچی کے علاقے لیاری میں ایک 19 سالہ نو بیاہتا لڑکی، جسے مبینہ ازدواجی ریپ اور اس کے شوہر کے ہاتھوں ’ وحشیانہ جنسی تشدد’ کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی۔

اس کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا، اسی مہینے کے اوائل میں، کراچی پولیس نے اتحاد ٹاؤن میں ایک لڑکی کے گینگ ریپ میں مبینہ طور پر ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔