کاروبار

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ایک لاکھ 43 ہزار پوائنٹس کی نئی تاریخی حد بھی عبور

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 189 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 43 ہزار 324 پوائنٹس پر جاپہنچا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی تیزی برقرار رہی، کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 189 پوائنٹس کے اضافے سے نئی نفسیاتی حد عبور کرکے ایک لاکھ 43 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک بار تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، جب ٹریڈنگ کے دوران دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 189 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

پی ایس ایکس میں کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخی بلند ترین سطح ایک لاکھ 43 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا، اور ایک لاکھ 43 ہزار 324 پوائنٹس پر جا پہنچا۔

کاروبار کے دوران 477 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا، 281 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 182 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ 14 کمپنیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

یاد رہے کہ پیر کے روز کاروباری ہفتے کے پہلے دن بھی کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 42 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔

سرمایہ کاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر زیادہ ٹیرف کے نفاذ کے پیش نظر کھل کر سرمایہ کاری کی تھی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی اسٹاک مارکیٹوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔